مینڈھر//نیشنل کانفرنس مینڈھر کے کارکنان نے پولیس پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس کاکام حالات کنٹرول کرناتھا نہ کہ ان کو مزید بگاڑناتھا۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد سعید چوہدری و دیگران نے کہاکہ 17دسمبر مینڈھر کی عوام کے لئے ایک تاریخی دن تھا جس دن اسمبلی حلقہ مینڈھر میںدو اہم پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد ریاستی وزیر ذوالفقار چوہدری کے ہاتھوں رکھا گیاتاہم اس دن کو انتظامی سطح پر سیاہ دن میں بدلنے کی ناکام کوشش کی گئی۔انہوںنے کہاکہ ایسا پہلی بار نہیںہوابلکہ ریاستی وزیر سید الطاف بخاری جب بطور تعمیرات عامہ کے وزیر مینڈھر آئے تو ضلع اورسب ڈویژن انتظامیہ کی موجودگی میں پی ڈی پی کارکنان نے پرامن ماحول کو نہ صرف بگاڑنے کی کوشش کی بلکہ نوبت یہاں تک پہنچی کے وزیر موصوف کو جان بچا کر بھاگنا پڑااوراب کی بار مینڈھر کی تعمیر و ترقی میں کسی سیاسی خیمے کی جانب سے نہیں بلکہ انتظامیہ کی طرف سے یہاں کے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی تاکہ وزیر موصوف اور ممبر قانون ساز اسمبلی مینڈھر جلسہ سے خطاب کرنے میں کامیاب نہ ہوں۔محمد سعید چوہدری کاکہناتھاکہ یہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے کہ وزیر موصوف سٹیج پر موجود ہوں اورضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ معہ دیگر آفیسران اورہزاروں کی تعداد میں عوام کے بیچ سینئر سپرنٹنڈینٹ پولیس پونچھ راجیو پانڈے کی جانب سے غیر اخلاقی اور غیر شائستہ حرکات سامنے آئیں جس پر عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ۔انہوںنے کہاکہ اس مرحلے پر جاوید احمد رانا نے بردباری اور ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی جوش کو ٹھنڈا کرانے کی کوشش کی اوراگر وہ ایسا نہ کرتے تو اس کے نتائج یقینا غلط ثابت ہوتے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے حاجی محمد رشید نے کہا کہ اس واقعہ کی ایک ویڈیو کیسٹ موجود ہے جس کو وقت ضرورت ثبوت کے طور پر پیش کیاجائے گا۔اس موقعہ پر میاں فاروق احمد بھی موجو دتھے ۔ کارکنان کی طرف سے حکام سے اپیل کی گئی کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ ایک افسر نے کیوںکر حالات بگاڑنے کی کوشش کی ۔