عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//جموں و کشمیر پولیس کے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل سیف اللہ قادری کو وزارت دفاع نے یوم آزادی پر سوریہ چکر سے نوازا ہے۔ کانسٹیبل سیف اللہ قادری کو یہ اعزاز ملی ٹینٹوں کے خلاف سری نگر میں بھیشمبر نگر آپریشن کے دوران غیر معمولی جرات کے مظاہرہ کی روشنی میں دیا گیا۔پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے اس کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس کو اس اہم اعزاز سے نوازنے پر وزارت دفاع کا بھی شکریہ ادا کیا۔ڈی جی پی سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر پولیس کی بہادری اور قربانیوں کی اس طرح کی پہچان بلاشبہ فورس کے اہلکاروں کے حوصلے کو مضبوط کرے گی۔سیف اللہ قادری نے 10 اپریل 2022 کو غیر معمولی کارروائی میں سری نگر کے بشمبر نگر علاقے میں دو ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے اور انہیں بے اثر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ شدید گولہ باری کا سامنا کرنے کے باوجود، وہ ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے میں کامیاب رہے لیکن افسوس کے ساتھ 24 مئی 2022 کو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اس دن، وہ اپنی بیٹی کے ساتھ جا رہا تھا کہ صورہ کے قریب ملی ٹینٹوں نے ان پر فائرنگ کی۔
بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس کی 9 سالہ بیٹی کو بھی اس حملے میں گولی لگنے سے زخم آئے۔ قادری کے علاوہ 4فوجی میجروں کو بھی بعد از مرگ “شوریہ چکر” سے نوازا گیا ہے۔آرمرڈ کور/44ویں بٹالین راشٹریہ رائفلز کے میجر رویندر سنگھ راوت کو 11 کامیاب آپریشنز کے دوران متاثر کن قیادت کا مظاہرہ کرنے پر شوریہ چکر سے نوازا گیا، جس کے نتیجے میں مارچ 2020 سے شوپیان میں 28 ملی ٹینٹ مارے گئے۔راجپوت رجمنٹ/44ویں بٹالین راشٹریہ رائفلز کے میجر وجے ورما کو متاثر کن قیادت کی نمائش اور 10 کامیاب آپریشنز کرنے پر شوریہ چکر سے نوازا گیا، جس کے نتیجے میں 22 ملی ٹینٹ مارے گئے۔ وہ اکتوبر 2021 سے شوپیان میں کام کر رہا تھا۔گرینیڈیئرز/ راشٹریہ رائفلز کی 55ویں بٹالین کے میجر سچن نیگی کو بھی شوریہ چکر سے نوازا گیا۔ انہوں نے چھ کامیاب آپریشنز میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں پلوامہ سیکٹر میں 14 جنگجو مارے گئے۔ڈوگرہ رجمنٹ / 62 ویں بٹالین راشٹریہ رائفلز کے میجر راجندر پرساد جاٹ کو آپریشن وترہیل میں بے مثال بہادری اور غیر معمولی قیادت کا مظاہرہ کرنے پر شوریہ چکر سے نوازا گیا جس کے نتیجے میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔