پولیس پر ڈرائیورں کو ہراساں کرنے کا الزام

مینڈھر //ٹاٹا سومو یونین کے صدر کفیل خان نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ’ریڈ کراس‘فنڈز کے نام پرڈرائیوروں کو سخت پریشان کیا جارہا ہے ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران موصوف نے کہاکہ گزشتہ دو برسوں سے کووڈ کی وجہ سے ڈرائیوروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں لیکن اس کے باوجود بھی جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے ریڈ کراس کے نام پر روزانہ ڈرائیور طبقہ سے پیسے لئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈرائیور طبقہ پورے دن کی محنت کے بعد اپنے اہل خانہ کیلئے کمائی کرتے ہیں لیکن پولیس کی جانب سے مذکورہ فنڈ کے نام پر ان کو غیر ضروری طورپر ہراساں کیا جارہا ہے ۔سومو یونین صدر نے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن میں ہی کئی ایک مقامات پر ریڈ کراس پرچیاں کاٹی جارہی ہیں لیکن ڈرائیوروں کو اس سلسلہ میں کوئی جانکاری ہی نہیں کہ وہ پیسے مذکورہ فنڈز میں جارہے ہیں یا نہیں ۔موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے لئے جارہے پیسے کی جانچ کروائی جائے جبکہ تاجروں و ڈرائیوروں سے کچھ وقت کیلئے ریڈ کراس فنڈز نہ لئے جائیں ۔