پولیس نے موٹر سائیکل چوروں کی گینگ کا پردہ فاش کیا

راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں موٹر بائیک چوروں کے ایک گروپ کا پردہ فاش کرتے ہوئے اس سلسلہ میں درج کئے گئے کیسوں کی مزید تحقیقات کا عمل بھی شروع کر دیا ہے ۔ایڈیشنل ایس پی راجوری ،ایس ڈی پی او تھنہ منڈی اور ایس ایچ او کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفر نس کے دوران کہا گیا کہ 22فروری کو ہسپلوٹ تھنہ منڈی کے رہائشی ریاض احمد کی جانب سے ایک شکایت درج کروائی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل زیر نمبر JK11D-5862کو چوری کرلیا گیا ہے ۔اسی طرح ساہیل احمد ولد شبیر احمد سکنہ سرنکو ٹ پونچھ کی ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK11B-7397کو بھی نامعلوم چوروں نے چوری کرلیا تھا ۔ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ شکایت پر پولیس نے جانب سے مقدمات زیر ایف آئی آر نمبر 102/2021اور 103/2021پولیس سٹیشن تھنہ منڈی میں درج کئے گئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران پولیس نے دو مشتبہ افراد کو تحقیقات کیلئے حراست میں لیا جن کی شناخت فیض ولد مرحوم محمد ریاض سکنہ عظمت آباد اوراستخار ولد محمد رمضان سکنہ الا تھنہ منڈ ی کے طورپر ہوئی تھی جبکہ تحقیقات کے دوران دونوں ملزمان نے اپنے جرم کا عتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دونوں معاملات میں ملوث ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران دونوں کے قبضہ سے مزید موٹرسائیکل بھی برآمد کئے گئے ہیں جبکہ پولیس نے سبھی موٹر سائیکلوں کو ضبط کرتے ہوئے اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس آفیسران نے بتایا کہ دونوں چور دونوں سرحدی اضلاع کے مختلف علاقوں میں ہوئی چوریوں میں ملوث رہے ہیں ۔