پولیس نے ’ مشاعرے ‘کا اہتمام کیا

منڈی//پونچھ پولیس کی جانب سے ڈگری کالج منڈی میں نیشنل انٹریگشن کے موضوع پر ایک کثیر اللسانی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع پونچھ کے نامور شعراء نے اپنا کلام پیش کر کے سامعین سے داد و تحسین حاصل کی۔ اس موقعہ پر بی ڈی سی چیر پرسن ساتھرہ فریدہ چوہدری مہمانِ خصوصی کے طور پر شامل رہیں جبکہ پرنسپل ڈگری کالج منڈی محمد اعظم مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے مشاعرے میں شامل رہے۔ ایس ایچ او منڈی بشیر کوہلی نے تمام معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوے کہا کہ جموں کشمیر پولیس کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ وہ مختلف تقریبات کے ذریعہ مقامی نوجوانوں کی قابلیت اور صلاحیت کو سامنے لائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مشاعرہ بھی آپسی بھائی چارے اور ہم آہنگی کے تحت کروانے کا مقصدتھا۔ اس موقعہ پر بی ڈی سی ساتھرہ فریدہ چوہدری نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس بالخصوص ایس ایس پی پونچھ مبارک باد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے مذکورہ عنوان کے تحت پروگرام کا انعقاد کیا جس کے دوران شعرا ء نے سبھی زبانوں میں نمائندگی کر کے اپنا کلام پیش کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کا بھی یہی مقصد ہے کہ سماج بھی تمام برائیوں کو ختم کیا جائے اور معاشرے میں زندگی بسر کر رہے نوجوانوں کو منشیات کی لت سے دور رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کا بھی فرض ہے کہ وہ سماج کو بہتر راہ پر قائم کرنے میں اپنا اہم رول ادا کریں ۔تقریب سے پرنسپل ڈگری کالج منڈی محمد آعظم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ مشاعرے میں محمد جنیف‘ خادم چودری ،محتشم احتشام ،اکبر علی بانڈے،سبطین انصاری،چوہدری نظیر،نیاز کرمانی،ریاض ملک اور مشتاق گنائی نے اپنا کلام پیش کیاجبکہ شعراء کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔