پولیس مبصررام بن میں، الیکشن اورسیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیا

رام بن //ادہم پورپارلیمانی حلقہ کے پولیس مبصر ایس روی (آئی پی ایس) نے گزشتہ روز رام بن میں ایک میٹنگ کے دوران سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیا۔اس دوران میٹنگ میں ضلع نوڈل افسرایم سی سی رام بن نوادب دین ، ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) سنجے پریہار، اے آر او ۔55 رام بن (اے سی آر) ،ہربنس لال، سی پی او کستوری لال ، ڈپٹی ڈی ای او ،رویندرکماراورمختلف کمیٹیوں کے نوڈل افسران اور انتخابی عمل سے متعلق افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران مبصرنے فلائنگ اسکارڈ اورسٹیٹک سرویلانس ٹیموں کومتحرک کرنے اورشراب،رقومات اور منشیات کی روکتھام یقینی بنانے کیلئے جگہ جگہ چھاپے مارنے پرزوردیا۔قبل ازیں اے ڈی ڈی سی نواب دین نے انتخابات کی تیاریوں اورشفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے امن وقانون برقراررکھنے کیلئے کئے گئے انتظامات کی جانکاری دی۔انہوں نے کہاکہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بنانے کیلئے مختلف کمیٹیوں کوتشکیل دیاگیاہے اوروہ انتخابات سے متعلق سرگرمیوں پرقریبی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔اس موقعہ پراے ایس پی نے سیکورٹی پلان مثلاً پولیس اہلکاروں کی تعیناتی، پولنگ سٹیشنوں کی صورتحال، درکارافرادی قوت، مجوزہ ڈپلائے منٹ پلان، حساس پولنگ سٹیشنوں، احتیاطی اقدامات وغیرہ کے بارے میں مبصرکوجانکاری دی ۔اس دوران نگران نے ضلع رام بن کے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتخابات سے متعلق کوئی بھی شکایت ان کے رابطہ نمبر9596770536پرکرسکتے ہیں۔