سرینگر// ریاستی پولیس کے عبوری سربراہ دلباغ سنگھ نے ریاستی گورنر سے ملاقات کے بعدسیکورٹی افسران کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔گورنر کیساتھ میٹنگ میں داخلی سطح پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اسکے بعدڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے پولیس کنٹرول روم میں سیکورٹی کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ میں اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں منعقد ہونے والے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کو پرامن طور پر منعقد کرانے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ہیڈکوارٹرس) عبدالغنی میر، انسپکٹر جنرل آف پولیس (پرسنل) جے پی سنگھ اور انسپکٹر جنرل پولیس ایس پی پانی موجود تھے۔ ڈی جی نے اس موقعہ پر انتخابات سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی ایس ایس پیز اور ڈی آئی جیز کو ہدایات دیں کہ وہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات پرامن طور پر منعقد کرانے کیلئے سیکورٹی کے کڑے بندوبست عمل میں لائیں۔ انہوں نے افسران کو زمینی سطح پر حالات کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن منعقد کرانے کیلئے سیکورٹی کے حوالے سے جس نوعیت کی بھی افرادی قوت محکمہ کو درکار ہوگی اُس کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں گے۔ ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کو پرامن طور پر منعقد کرانے کے حوالے سے کسی بھی سطح پر مصلحت پسندی سے کام نہ لیں۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود افسران کو ہدایت کی کہ وہ امن و قانون کی صورتحال درہم برہم کرنے والے عناصر کے خلاف سختی سے نمٹے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری کی حالت میں رہیں۔انہوں نے افسران کو تاکید کی ہے کہ زمینی سطح پر امن و قانون کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے اور حالات سے نمٹنے کے دوران کسی بھی بے گناہ اور معصوم شخص کو کوئی گزند نہیں پہنچنی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس اپنے اہلکاروں کے طرف سے بہتر خدمات کو سراہتی ہے اور اس حوالے سے افسران اور اہلکاروں کے بہتری کے لیے مختلف اسکیموں کی منصوبہ بندی زیر غورہے۔انہوں نے افسران کو ہدات کی کہ ایسا نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے جہاں شکایت کنندہ یہ محسوس کرے کہ اُس کی شکایت بروقت سنی گئی اور اس کے ازالے کی خاطر بہتر اقدامات اُٹھائے گئے۔
گورنر سے ملاقی
ریاستی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔ڈی جی پی نے سیکورٹی اور امن و قانون کی صورتحال سے جڑے مختلف معاملات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔گورنر نے امن و قانون بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ریاست میں قائم اُن عمارتوں اور مقامات کے بارے میں ڈی جی پی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جنہیں تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے ایسی عمارتوں کے تحفظ کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے تال میل کی تلقین کی۔