پولیس سربراہ کی جانب سے اہلکار کی عزت افزائی

جموں/ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید نے جموں وکشمیر پولیس کی سیکورٹی وِنگ سے تعلق رکھنے والے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل راجیش کمار کی طرف سے ہمت اور جرأت مندی کا مظاہرہ کرنے کے لئے اُن کی عزت افزائی کی۔مذکورہ اہلکار نے 23؍ مارچ 2017ء کو ہوشیاری کا مظاہر ہ کر کے ایک پولیس اہلکار سے ہتھیار چھیننے میں ملوث مسرول احمد نائیک کو دھر لیاتھا۔یہ واقعہ توی برج پر مندر۔مسجد پوائنٹ کے نزدیک دیر رات اُس وقت پیش آیا جب حملہ آور نے دو ساتھیوں کے ہمراہ محمد حنیف نامی ایک پولیس کانسٹیبل کو زخمی کر کے اسے سروس رائفل چھین لی۔اس دوران جموں وکشمیر آرمڈ پولیس کی چوتھی سیکورٹی بٹالین سے تعلق رکھنے والے راجیش کمار وہاں سے گزر رہے تھے اور انہوں نے اپنے ساتھی کو روتے ہوئے دیکھا ۔اس موقعہ پر انہوں نے ایک لڑکے کو مشکوک حالت میں دیکھا جو اپنے آپ کو چھپانے کی کوشش کر رہا تھا ۔ راجیش کمار نے فوری طور سے اس پر قابو پالیا اور بعد میں یہ ثابت ہوا کہ یہ لڑکا ہتھیار چھیننے کے واقعہ میں ملوث تھا۔ راجیش کمار کی بہادری کا اعتراف کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید نے اسے آج جموںمیں پولیس ہیڈ کوارٹر نقدی انعام اور توصیفی سند سے نوازا۔ڈی جی پی نے اس اہلکار کی بروقت کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کام سے فورس کے دیگر اہلکاروں کو ایک ترغیب اور حوصلہ ملے گا۔