جموں//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے موجودہ حالات میں عوام کے رول کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے پولیس حکام پرزوردیا کہ وہ ایساموثرنظام ترتیب دیں اورامن دشمن عناصرکی سرکوبی کے دوران عوام کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے فورسز کے درمیان مختلف سطحوں پرتال میل پر بھی زوردیاتاکہ حفاظتی گرڈ کوان کے متعلقہ علاقوں میں مضبوط بنایاجائے۔ پولیس سربراہ نے ان باتوں کااظہارپولیس اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ حکام کی ایک میٹنگ کے دوران پلوامہ اور شوپیان اضلاع میںحفاظتی اور سلامتی صورتحال کاجائزہ لینے کے دوران کیا۔ پولیس سربراہ کے ہمراہ سی آرپی ایف کے سپیشل ڈی آئی جی دلجیت سنگھ اور کشمیرکے آئی جی پی وکے کمار بھی تھے۔پولیس سربراہ نے ان علاقوں کی حفاظتی صورتحال کی جانکاری اور ابھرتے چیلنجوں سے آگاہی حاصل کرنے کے بعدکہا سرحد کے اُس پار تشددکے آقااوران کی کٹھ پتلیاں جموں کشمیرمیں امن کوخراب کرنے پرتلے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں اور فورسزپر بزدلانہ حملے اُ ن کے آقائوں کی محرومی وشکست کا مظہر ہے۔پولیس سربراہ نے حکام سے تلقین کی کہ وہ ملی ٹنٹوں اور ان کے ہمدردوںکے خلاف کارروائیوں جاری رہنی چاہیے اورتمام مشکوک عناصر پرکڑی نگاہ رکھی جانی چاہیے تاکہ لوگوں کی معمول کی زندگی کودرہم برہم کرنے کے ان کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا جائے۔انہوں نے افسراں کوہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں لوگوں کی حفاظت اور سلامتی کیلئے سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ امن کے موجودہ حالات میں عوامی تعاون قابل سراہنا ہے اورحاکموں پرزوردیا کہ وہ مزید موثر نظام مرتب کریں تاکہ لوگوں کی حفاظت اور سلامتی یقینی بن جائے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ پولیس ،حفاظتی دستوں اور لوگوں کو امن دشمن عناصر اور ان کے آقائوں کے خلاف مل جل کرکام کرنا ہے ۔انہوں نے فورسز کے درمیان بہتر تال میل کی تلقین کی۔انہوں نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ ہرحال میں چوکنا رہیںاورامن دشمن عناصر کے منصوبوں کو خاک میں ملانے کیلئے ہروقت تیاررہیں۔ انہوں نے ناکوں پر چیکنگ پرزوردیااورکہا کہ حفاظتی معاملات میں کسی کمی بیشی کو دورکیاجائے تاکہ امن دشمن عناصر کو اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کا موقعہ نہ ملے۔ انہوں نے رات کے دوران پولیس اور فورسزکا گشت بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پر متعلقہ اضلاع کے پولیس سربراہوں نے حفاظتی صورتحال کا خاکہ بھی پیش کیا۔