بلاخلل امرناتھ جی یاتراکے انعقاد کی تیاریوں کاجائزہ لیا
گاندربل//وادی کے اضلاع میں حفاظتی صورتحال کاجائزہ لینے کاسلسلہ جاری رکھتے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے سنیچر کو گاندربل کا دورہ کرکے وہاں مشترکہ تفتیشی مرکزکاافتتاح کیااورمابعدحکام کی ایک میٹنگ کی صدرات کے دوران ضلع کی حفاظتی صورتحال اور امرناتھ جی یاتراکی تیاریوں کاجائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ سپیشل ڈائریکٹر جنرل سی آئی ڈی آرآرسوین ،صوبائی پولیس سربراہ وجے کمار اوروسطی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس سجیت کمار بھی تھے۔مشترکہ تفتیشی مرکزکاافتتاح کرنے کے فوراًبعدپولیس سربراہ نے نئی تعمیر کی گئی عمارت کامعائنہ کیا۔انہیں ضلع کے پولیس سربراہ بورکر نے نئے دفترمیں مہیاسہولیات اورسازوسامان،جس سے تفتیش کاکام آسان ہوگا، کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔پولیس سربراہ نے حکام کی میٹنگ میں ضلع پولیس گاندربل کے قیام امن اورامن دشمن عناصرکے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کے رول کوسراہا۔پولیس سربراہ نے انہیں ہدایت دی کہ وہ مزیدچوکنا رہیں اورامن دشمن عناصراوران کے حمایتیوں پردبائوبنائے رکھیں ۔انہوں نے حکام پرزوردیاکہ وہ ان لوگوں اور بالائے زمین کارکنوں،جن کی مددسے امن دشمن عناصرکارروائیاں انجام دیتے ہیں، کوشناخت کرے۔انہوں نے جموں کشمیرپولیس اور دیگر فورسز ایجنسیوں کی حالیہ کامیاب کارروائیوں کی ستائش کی۔ پولیس سربراہ نے افسروں پرزوردیا کہ وہ ملی ٹنٹ مخالف کارروائیوں کے دوران اورامن وامان کوبرقرار رکھنے کی کارروائیوں کے دوران شہری آبادی کے آرام اور تحفظ کابھرپور خیال رکھاجائے ۔انہوں نے حکام پرزوردیا کہ وہ عام لوگوں کے ساتھ تال میل کو بنائے رکھیں اورزمینی سطح پرکمیونٹی میٹنگوں کااہتمام کریں ۔اس موقعہ پر پولیس سربراہ کوشری امرناتھ جی یاتراکے بارے میں پاورپواینٹ پرنٹیشن دی گئی۔دلباغ سنگھ نے افسراں پرزوردیاکہ وہ شری امرناتھ یاترا کے بلاخلل اورپرامن انعقاد کیلئے تمام انتظامات کریں اورحفاظتی نقطہ نگاہ سے تمام تیاریاں مکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس ہیڈکوارٹربلاخلل یاترا انجام دینے کیلئے ہرقسم کی امداددے گا۔میٹنگ کے دوران ضلع پولیس سربراہ نے انہیں ضلع کی حفاظتی صورتحال کی جانکاری دی۔مابعدپولیس سربراہ نے دودرہامہ میں 24آرآر کے بٹالین ہیڈکوارٹر کادورہ کیا اور فوجی افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔