پولیس سربراہ کادورئہ بڈگام ، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے ضلع بڈگام کا دورہ کرتے ہوئے سیکورٹی صورتحال کی تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ ڈی جی پی نے اس موقع پر افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔کے این ایس کے مطابق ڈی جی پی نے یہاں ضلع بھر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی نے افسران اور اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر جموںوکشمیر پولیس کے چرچے ہورہے ہیں کیونکہ جس طرح ہمارے افسروں اور اہلکاروں نے بہادری کا وقت وقت پر مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں سیکورٹی ایجنسیاں امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے زمینی سطح پر متحدہ طور پر کام کررہی ہیں۔ڈی جی پی نے فیلڈ افسروں بالخصوص رینج اور ضلعی افسروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افسران اور اہلکاروں کے مثبت تعاون کے نتیجے میں ہی فورسز نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران جنگجو مخالف آپریشنوں میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی۔انہوں نے افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دینے کے دوران اپنے اہل خانہ کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔ ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ نے ضلع کی سیکورٹی صورتحال سے ڈی جی پی کو روشناس کرایا۔ دورے کے دوران آئی جی پی سوائم پرکاش پانی، ڈی آئی جی وسطی کشمیر وی کے بردی، ایڈیشنل ایس پی بڈگام مجید ملک اور دیگرافسران موجود تھے۔