پولیس اہلکاروں کے 308 بچوں کے حق میں15.50لاکھ روپے کاوظیفہ منظور

سرینگر//پولیس محکمہ میں کام کرنے والے افسراں اوراہلکاروں کے 308بچوں جنہوں نے دسویں اوربارہویں جماعت کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کامظاہر ہ کیا ہے،کے حق میں پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ساڑھے پندرہ لاکھ سے زیادہ کی رقم بطوروظیفہ منظور کی ہے۔اس سلسلے میں پولیس ہیڈ کوار ٹر کی جانب سے جاری کئے گئے مختلف حکم ناموں کے مطابق پویس سر براہ دلبا غ سنگھ نے ان155بچوں کے حق میں 9.33لاکھ روپے کی رقم کو بطور وظیفہ منظوری دی ہے جنہوں نے سال 2020-21کے سالانہ امتحانات میں 90یا 90 فی صد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ہیں۔حکم نامے کے مطابق بارہویں جماعت میں 90فی صد سے ذیادہ نمبرات حاصل کر نے والے 3 بچوں کے حق میںمساوی طور پر 7200 روپے کی رقم بطور وظیفہ منظور کی گئی جبکہ دسویں جماعت میں ایسی ہی نمایاں کارکردگی دکھانے والے 152 بچوں کے حق میں 6ہزار روپے کی رقم بطور و ظیفہ منظور کی گئی۔اسکے علاوہ پولیس سر براہ  دلبا غ سنگھ نے 153 بچوں کے حق میں 6.23لاکھ کی رقم بطور و ظیفہ منظور کی ہے جنہوں نے 2020-21 کے دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 80یا80فی صد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ہیں۔ان میں شامل دسویں جماعت کے 144بچوں کے حق میں 4ہزار روپے کی رقم مساوی طور پر بطور و ظیفہ منظور کی گئی جبکہ بارہویں جماعت میں ایسی ہی کارکر دگی دکھانے والے8 بچوں کے حق میں مساوی طور پر 6ہزار روپے کی رقم کو منظوری ملی ہے ۔و ظیفے کی یہ رقم سنٹرل پولیس ویلفیئر فنڈ اور پولیس پریوار فنڈ سے واگزار کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پولیس ہیڈ کواٹر کی جانب سے اپنے افسران و اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کے لئے کئی فلاحی اسکیمیں متعارف کی گئی ہیں جن کے ذریعے سے ہزاروں پولیس اہلکار و افسران کے علاوہ ان کے اہلخانہ بھی مستفید ہو رہے ہیں۔