سرینگر//عوام اور پولیس کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے نگین پولیس اسٹیشن میں پولیس کیمونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سعدہ کدل سے تعلق رکھنے والے ذی عزت شہریوں نے شرکت کی ۔ایس ایچ او ریاض احمد خان کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ میں شرکاء نے منشیات ، سماجی بدعات کے حوالے سے جانکاری فراہم کی ۔ شرکاء نے اندرونی سڑکوں کی مرمت، سٹریٹ لائٹوں کو ٹھیک کرانے ، آوارہ کتوںکی بڑھتی ہوئی تعداد کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ عشائی باغ سے سعدہ کدل تک شاہراہ کے ارد گرد پودے نصب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ایس ایچ او نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ دکانوں کے باہر اشیاء سجا کے نہ رکھیں تاکہ عام راہگیروں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا نہ رہے۔ ایس ایچ او نے ذی عزت شہریوں کو بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے متعلق مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کرنے کے سلسلے میں کارروائی شروع کی جائے گی جبکہ سیول ایڈمنسٹریشن سے وابستہ مسائل کو اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔