پولٹری فارموں کو انشورنس دائرے میں لانے کا فیصلہ

جموں//پولٹری سیکٹر میں مقامی کارخانہ داروں کی طرف سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے ریاست میں پولٹری فارموں کو انشورنس کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران لیا گیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری جموں ڈاکٹر وکٹر کول ، ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری کشمیر ڈاکٹر ایم وائی چاپری اور کئی دیگر افسروں نے بھی شرکت کی ۔ علاوہ ازیں مختلف انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں اور پولٹری صنعت سے وابستہ معروف افراد غلام محمد بٹ اور بلجیت سنگھ نے بھی میٹنگ میں شامل تھے ۔ پولٹری سیکٹر کو انشورنس کے دائرے میں لانا ریاست کے پولٹری فارمروں کی ایک دیرینہ مانگ تھی ۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ انشورنس کوور فراہم کرنے سے یہاں کے پولٹری فارمر اپنی تجارت کو بڑھاوا دینے اور پیدا وار میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے پولٹری فارموں میں مہلک بیماریاں نہیں پائی جاتی ہیں لہذا انشورنس کوور انشورنس کمپنیوں اور فارمروں کیلئے سود مند ثابت ہو گا  ۔ ڈاکٹر سامون نے انشورنس کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پولٹری یونٹ ہولڈروں سے کم سے کم پریمیم وصول کریں ۔ انہوں نے افسروں اور انشورنس کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ تمام لوازمات پورا کر کے باضابطہ طور سے ایک ہفتے کے اندر اندر سکیم کی شروعات کریں ۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ اس قدم سے ہماری ریاست پولٹری کے شعبے میں خود انحصار بنے گی ۔ پولٹری فارمروں نے اس اہم قدم کیلئے پرنسپل سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا ۔