پولو گرائونڈ میں دسہرہ کی تقریب

سرینگر // بھگوان رام کی راون پر فتح کا تہوار وجے دشمی جو دسہرے کے نام سے بھی جاناتا ہے، پورے بھارت کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی جوش و خروش سے منایا گیا ۔سرینگر کے پولو گرائونڈ میں سنیچر کی شام راون، میگھناتھ اور کمبھ کرن کے پتلے جلائے گئے۔ ہندو مذہب میں برائی پر اچھے کی جیت کے طور پر منائے جانے والے تہوار دسہرا کشمیر میں بھی صدیوں سے روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔  پولو گرائونڈ میں 40فٹ اونچے راون کے پتلا کوجلایاگیا۔ تفصیلات دیتے ہوئے پنڈت سنگرش سمیتی کے صدر سنجے تکو نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ کشمیر میں وجے دشمی کا تہوار 150سال سے قبل منایا جاتا تھا اوراس روز تمام لوگ سرینگر کے ٹٹو گرائونڈ میں برائی پر سچائی کی جیت کا یہ تہوار منانے کیلئے آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 1940میں اس تہوار کو سرینگر کے حضوری باغ منتقل کیا گیا جو بعد میں اقبال پارک بنا ۔ انہوں نے کہا کہ 1990میں نامساعد حالات کے بعد وجے شمی کا تہوار کشمیر میں نہیں منایا جارہا تھا مگر 2010میں اس روایت کو پھر سے بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 7ستمبر2014میں تباہ کن سیلاب اور 2016میں حالات ناسازگار ہونے کی وجہ سے یہ تہوار نہیں منایا جاسکا ۔ انہوں نے کہا کہ 9دنوں کا ورتھ رکھنے کے بعد دسویں دن برائی پر اچھی کی جیت کا تہوار منایا جاتا ہے۔