پولنگ مراکز پر لمبی قطاریں مودی کے’ ویژن ‘کی جیت:ترون چگ

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری وانچارج جموں وکشمیرترون چگ نے جمعرات کوکہاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے جموں وکشمیرمیں امن وامان، تعمیروترقی اورخوشحالی کانیا دور لاکر لوگوں کے دِل جیتے ہیں اوراس کیلئے ان کی اس انتھک محنت کانتیجہ ہے کہ آج بائیکاٹ کی زنجیروں سے آزاد ہوئے اس جموں وکشمیر میں پہلے مرحلے کی پولنگ کیلئے پولنگ مراکز پرصبح سے ہی لمبی لمبی قطاریں لگی ہیں جومودی کے ’وکاس سے وشواس کے ویژن‘کی جیت ہے۔انہوں نے کہاکہ سرینگر میں وزیراعظم کی ریلی جموں وکشمیرکیلئے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگی۔چگ نے بدھ کے روز دیگر سینئر پارٹی لیڈران کے ہمراہ سرینگرکے شیرکشمیر اسٹیڈیم کادورہ کیاجہاں جمعرات کووزیراعظم نریندرمودی ایک چناوی ریلی سے خطاب کریں گے۔

انتظامات کاجائزہ لینے کے بعد صحافیوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے ترون چگ نے کہاکہ جموں وکشمیرکے لوگ وزیراعظم نریندرمودی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں کیونکہ وزیراعظم نے انتھک محنت سے لوگوں کااعتماد جیتاہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں امن وامان بحالی کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی تعمیرمیں بے پناہ کام ہواہے چاہے ریل بنیادی ڈھانچہ ہویاسڑک کابنیادی ڈھانچہ ہو، ترقی کے ہرمحاذ پرجموں وکشمیرمیں ایک انقلاب برپاہواہے اوریہی وجہ ہے کہ وزیراعظم مودی یہاں کے لوگوں کے پسندیدہ رہنما ہیں۔انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وزیراعظم نریندرمودی جموں وکشمیرآئے تب تب بھاری تعداد میں لوگ انہیں سننے پہنچے۔انہوں نے کہاکہ جنگی پیمانے پرتقریب کی تیاری چل رہی ہے اورپورا شہرسجا ہوا ہے۔اْنہوں نے کہاکہ یہ تقریب جموں وکشمیرکیلئے سنگِ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے جموں وکشمیراسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پرجوش پولنگ پرکہا’’ہم نے دیکھا ہے جب بھی وہ جموں وکشمیر آئے ہیں لوگ بھاری تعداد میں نکل کر آئے ہیں‘‘۔اْنہوں نے کہا’’جموں وکشمیرکی یہ وہی دھرتی ہے جہاں بائیکاٹ ہوتاتھا اور5سے7فیصد ووٹ پڑتے تھے‘‘۔انہوں نے کہاکہ بائیکاٹ کے بعد یہ بھاری پولنگ ہے،لمبی قطاریں ہیں اور یقینایہ چناؤتاریخی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں جموں وکشمیرمیں لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کوپینے کاپانی، بجلی، رسوئی گیس اوربیت الخلاء ملے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھاجپاسرکار بننے کے بعد ہرکنبے کی بزرگ خاتون کو سالانہ 18ہزار روپے ملیں گے جبکہ معذوروں، بے سہاراؤں اور بزرگوں کو سالانہ 36ہزار سالانہ پنشن ملے گی جبکہ جن کے پاس گھر نہیں اْنہیں گھر ملے گا اورجنہیں زمین نہیں اْنہیں پانچ مرلہ زمین ملے گی۔اْنہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ لوگ بھاری تعداد میں ہرعلاقے سے وزیراعظم مودی کوسننے پہنچتے ہیں۔