پولنگ مراکزکاادغام انتخابی عمل میں رکاوٹ:کانگریس

سرینگر//کانگریس پارٹی نے پولنگ مراکز کو ایک دوسرے کیساتھ مدغم کرنے کو انتخابی عمل میں ایک بڑی رکاوٹ سے تعبیر کیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے پولنگ مراکز کو ایک دوسرے کیساتھ مدغم کئے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پولنگ مراکز کو ایک دوسرے کیساتھ متحد کرنے کے نتیجے میں انتخابی عمل اثر انداز ہوگا۔انہوںنے بتایا کہ پولنگ مراکز کیلئے ایک مربوط نظام موجود ہونا چاہیے جس طرح انتخابات کے دوران پولنگ مراکز کے قائم کرنے کی روایت ماضی سے چلی آرہی ہے تاہم اس بار اس طریق کار کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کو منعقد کرانے کیلئے متعلقہ ذمہ داروں کو چاہیے کہ وہ ایک مقام پر ایک پولنگ مرکز کو قائم کریں بجائے اس کے کہ ایک ہی علاقے میں دس دس پولنگ مراکز کو قائم کیا جائے جبکہ ایسے میں انتخابات سے متعلق مزید شکوک و شبہات جنم لے سکتے ہیں۔انہوں نے الیکشن محکمہ پر زور دیا کہ اس طرح کے طریق کار کو پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے فوری طور پر دور کیا جانا چاہیے۔انہوں نے الیکشن بورڈ پر زور دیا کہ وہ شوپیان اور پلوامہ میں الیکشن کے روز معقول سیکورٹی بندوبست یقینی بنانے کیساتھ ساتھ آزادانہ اور منصفانہ ووٹنگ کو یقینی بنائیں۔