عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردی نے منگل کو سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی کہ وہ 18 ستمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے قبل فعال اقدامات کریں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وادی میں پرامن انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایک ترجمان نے بتایا کہ صوبائی پولیس سربراہ نے اننت ناگ میں واقع رینج پولیس ہیڈکوارٹر میں سیکورٹی اور انتخابی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔اس میں پولیس، فوج، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور آئی ٹی بی پی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں جنوبی کشمیر رینج میں آئندہ انتخابات کیلئے کئے گئے مجموعی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، کولگام، پلوامہ اور شوپیان میں 16 اسمبلی حلقوں میں تین مرحلوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ اس مرحلے میں جموں و کشمیر کی کل 24 سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے، جن میںوادی میں 16 اور جموں خطے کی آٹھ سیٹیں شامل ہیں۔ میٹنگ کے دوران پولنگ بوتھ اور اسٹرانگ رومز کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ترجمان نے کہا کہ آئی جی پی کشمیر نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ انتخابی عمل کے ہموار اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کیے جائیں۔بردی نے اننت ناگ ضلع میں آنے والے فورسز کمپنیوںکے کیمپنگ کے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا اور کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دورہ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے وضع کردہ حکمت عملیوں اور ایکشن پلان کے جامع جائزہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی پولنگ بالترتیب 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہو رہی ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو کی جائے گی۔