پورے بر صغیر میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا | عید الفطر 3مئی کو | سعودی عرب میں آج عید، افغانستان میں اتوار کو منائی گئی

بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر سمیت پورے برصغیر میں اتوار کی شام شوال کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے منگل کو عید الفطر منائی جائے گی۔ ہندوستان کے کسی بھی حصے میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، حتیٰ کہ پاکستان میں بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا گیا تاہم افغانستان میں اتوار کو ہی عید الفطر منائی گئی ، جہاں سنیچر کو  چاند نظر آیا تھا۔سعودی عرب میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ نئی دہلی کی فتح پوری مسجد کے امام مفتی مکرم احمد نے بتایا کہ مسجد کی رویت ہلال کمیٹی نے نئی دہلی، مغربی بنگال، بہار اور ملک کے دیگر حصوں میں کئی مقامات سے رابطہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ کہیں چاند نظر آیا ہے یا نہیں۔اس لیے پیر کو رمضان المبارک کا آخری دن ہوگا اور عید منگل کو منائی جائے گی۔مرکز چاند کمیٹی کے سربراہ خالد رشید فرنگی محلی نے بھی اعلان کیا کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا اس لیے عید 3 مئی کو منائی جائے گی۔مسلم سماجی و مذہبی تنظیم ادارہ شریعت، پٹنہ نے اعلان کیا کہ عید 3 مئی کو منائی جائے گی کیونکہ شام کو چاند نظر نہیں آیا تھا۔گزشتہ دو سالوں سے، مسلمان ماہ صیام کا مشاہدہ کوویڈ کے دوران کررہے تھے اور وبائی امراض کے سائے میں عید منا رہے تھے۔ اس سال، کیسز میں کمی اور لوگوں کی ویکسینیشن کے بعد بہت سی بندشیں ہٹا دی گئی ہیں۔ادھر جموں کشمیر کے مفتی اعظم، مفتی ناصر الاسلام نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عید الفطر منگل کو منائی جائے گی کیونکہ خطے میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔مفتی اعظم نے بتایا کہ کرناہ، اننت ناگ، کپوارہ، ہندوارہ، بارہمولہ، گاندربل، لولاب، بانڈی پورہ، بجبہاڑہ، بیروہ بڈگام،پلوامہ،جموں، سانبہ، کٹھوعہ، راجوری سمیت دیگر علاقوں سے گواہ طلب کیے گئے، تاہم کسی نے بھی کہیں سے شوال (1443 ہجری) کا چاند نظر آنے کے بارے میں کوئی شہادت فراہم نہیں کی۔جس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ پیر رمضان کے مقدس مہینے (1443 ہجری) کا آخری دن ہوگاجس کے بعد منگل کو عید ہوگی۔عیدالفطر اسلامی مہینے شوال کی پہلی تاریخ کو منائی جاتی ہے۔شوال قمری اسلامی کیلنڈر کا 10واں مہینہ ہے۔