پوری سرکاری مشنری متحد ہو کر کورونا کا مقابلہ کر رہی ہے : مودی

نئی دہلی//یو این آئی// وزیراعظم نرینر مودی نے کورونا وبا کو گذشتہ100برسوں میں سب سے بڑا بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی پوری مشنری اس بحران کا مقابلہ کر رہی ہے ۔ مسٹر مودی نے جمعہ کے روز یہاں کابینہ کی کئی گھنٹے تک چلنے والی میٹنگ میں پورے ملک میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے سبب پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کورونا وبا کے سبب گذشتہ100برسوں میں انسانیت کے سامنے سب سے بڑا بحران کھڑا ہوا ہے جو پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاستوں اور عوام کے ساتھ مل کر ٹیم انڈیا کی طرح اس چیلنج کا سامنا کر رہی ہے ۔ پوری سرکاری مشنری متحد ہو کر بسرعت اس سے نمٹنے میں سرگرم ہے ۔ انہوں نے تمام وزراء سے کہا کہ وہ اپنے علاقے کے رابطے میں رہیں، ان کی مدد کریں اور ان سے فیڈ بیک لے ۔ مسٹر مودی نے زور دے کر کہا کہ مقامی سطح پر تمام مسائل کی شناخت کرکے مقامی سطح پر تیزی سے حل کیے جانے کی ضرورت ہے ۔ میٹنگ میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے گذشتہ 14مہینوں کے دوران تدابیر اور جد و جہد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں مرکزی حکومت کے ریاستوں کے ساتھ مل کر صحت کے میدان میں ڈھانچہ جاتی سہولتیں فراہم کرنے کی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔