پنگل ڈیولپمنٹ کے قیام کے سلسلہ میں اجلاس

بھلیسہ//پنگل ڈیولپمنٹ کے قیام کے سلسلہ میں اخیار پور جکیاس میں علاہ کے لوگوں کا ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقہ کے معززین، دانشوروں ، مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنان و عہدیداران،سماجی تنظیموں کے رضا کاروں اور بھاری تعداد میں علاقہ کے تعلیم یافتہ نوجوانوں نے شرکت کی۔علاقہ کے معروف سیاسی و سماجی کارکن محمد حنیف ملک نے اجلاس کی صدارت کے فرائض انجام دئیے، نظامت کی ذمہ داری الحاج غلام نبی وانی نے نبھائی جب کہ افتتاحی کلمات میں محمد اسحق عارف نے فرنٹ پنگل ڈیولپمنٹ فرنٹ کے قیام کی ضرورت،اس کے اغراض و مقاصد اوراس کے طریقۂ کار پر روشنی ڈالی۔ا س موقع پر مختلف مقررین جن میں محمد حنیف ملک اور الحاج غلام نبی وانی کے علاوہ مشتاق احمد ملک،جاوید اختر وانی،مسرت حسین نیائک،لیاقت علی شیخ،اشتیاق ملک،عاشق حسین ملک،ارشد حسین میر،ڈاکٹر فرحت ملک، محمد اسلم ملک،تاج محمد متو،پورن چند رانا،سجاد احمد ملک،جاوید احمد زرگر،طارق حسین بٹ،ماجد ملک،برکت علی بٹ،فاروق احمد،وصیت ٹاک،اعجاز احمد وانی،شبیر احمد شیخ،عرفان احمد بٹ،ظہیر عباس شیخ،عبد المجید راہی،پرویز احمد بٹ،مولاناشاہ نواز ندوی،زبیر احمد گنائی،محمد رمضان ملک، عبدالعزیز فراش،لیاقت علی وانی،یونس سلیم وغیرہ شامل ہیں،نے علاقہ کے مختلف مسائل کو اُجاگر کیا اور اپنے اپنے مشورے سامنے رکھے۔مقررین نے تفصیل سے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح سے علاقہ پنگل کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے،کس طرح سے یہاں کے لوگوں کو ووٹ بنک کے طور پر استعمال کر کے اُن کا استحصال کیا گیا ہے اور مفاد پرستوں نے یہاں کی آواز کو بے اثر بنانے کے لئے کے کیا کیا چالیں چلی ہیں اور کس طرح اس علاقہ کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے ایک کو اندروال اور دوسرے کو بھدرواہ کے ساتھ لگایا گیا ہے۔ مقررین نے مختلف سیاسی پارٹیوں پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ اُنہوں نے اس علاقہ کو کبھی نمائندگی دینا تو درکنار اس بارے میں سوچنے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی اور یہاں کے سیاسی کارکنان کو محض اپنے اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔تمام شرکاء نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ مذہب ذات پات اور پارٹی وابستگیوں سے بالا ہو کر علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لئے شانہ بشانہ کام کریں گے،یہاں کی عوام کو درپیش مسائل کے ازالہ کروانے کی کوشش کریں گے ، یہاں کو لوگوں کو اُن کا حق دلوانے کے لئے مل کر جدوجہد کریں گے اور یہاں کے غریب لوگوں کا سہارا بن کر اُن کی فلاح و بہبود کے لئے جو بھی اُن سے بن پائے گا وہ کریں گے۔مقررین نے کہا کہ وہ سیاستدانوں سے اُمیدیں وابستہ کرنے کی بجائے یہاں کے دیرینہ مطالبات جن میں ڈگری کالج کا قیام،یہاں کے سیاحتی مقامات کو منظرِ عام پر لانا،سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانا،سرکوں رابطوں سے محروم دیہات تک سڑکوں کی تعمیر،بجلی اور پانی کے نظام کو سُدھارنا،اسکولوں میں تدریسی عملہ کی قلت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور پی ایچ سی جکیاس اور دیگر طبی مراکز میں ضرورت کے مطابق ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ تعینات کرنا اور بنیادی قسم کی سہولیات کی دستیابی وغیرہ شامل ہیں، کے لئے خود کوشش کریں گے ۔متفقہ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ اگلا اجلاس 3مارچ بروزِ اتوار گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول جکیاس کے احاطہ میں منعقد کیا جائے گا جس میں فورم کے عہدیدران کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔