پنچایت گھر سلانی گزشتہ 5برسوں سے زیر تعمیر

 مینڈھر//منکوٹ بلاک میں گزشتہ پانچ برسوں سے سلانی پنچایت گھر زیر تعمیر ہے جس کی وجہ سے پنچایتی نمائندوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔اس پنچایت گھر کی تعمیر 2014میں شروع کی گئی تھی لیکن متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے ابھی تک تعمیر کام مکمل نہیں کیا جاسکا ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت گھر کی تعمیر میں 20لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں لیکن ابھی تک اس کو پنچایتی نمائندوں کے حوالے نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ عمارت کا کام ابتدائی ایام میں تیز رفتاری کیساتھ کیا گیا لیکن کچھ کام کو کئی برسوں سے جوں کا توں چھوڑ دیا گیا ہے اور متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے پنچایتی نمائندوں کو کھلے میں اجلاس منعقد کرنے پڑتے ہیں ۔اس سلسلہ میں متعلقہ سرپنچ کا کہنا ہے کہ پنچائت گھر نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کئی قسم کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر مذکورہ عمارت کو مکمل کر لیا ہو تا تو اس صورت میں اراکین کو کھلے عام اجلاس منعقد کر نے کیساتھ ساتھ دیگر معاملات پیش نہ آتے لیکن بد قسمتی کی وجہ سے لاکھو ں روپے خرچنے کے باوجود بھی عمارت کو قابل استعمال نہیں بنایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ عمارت کی تعمیر کو چھوڑ دینے کے عمل کی تحقیقات کی جانی چاہئے اور عمارت کوجلداز جلد مکمل کیا جائے تاکہ پنچایتی اراکین کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔اس سلسلہ میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر منکوٹ نے کہا کہ پنچایت گھر کی تعمیر کے سلسلہ میں کچھ پیسے منریگا اسکیم کے تحت لگائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ابھی تک مذخورہ کام مکمل نہیں ہوسکا ۔انہوں نے یقین دلایا کہ جلدہی پنچایت گھر کی عمارت کو مکمل کر کے پنچایتی اراکین کو سہولیات فراہم کی جاینگی ۔