پنچایتی چنائو کے پیش نظر بھاجپا کااجلاس

 پونچھ//ممبر قانون سازکونسل پردیپ شرما کی قیادت میںبھارتیہ جنتا پارٹی اکائی پونچھ کی جانب سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں یک روزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ریاستی سیکریٹری سنیل گپتا نے کی۔اس دوران آئندہ پنچایتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالہ سے پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا گیاکہ انتخابات میں پونچھ ضلع سے بی جے پی کوزیادہ سے زیادہ تعداد میںنشستیں حاصل ہونی چاہئیں۔ پردیپ شرمانے سبھی علاقوں سے پارٹی کارکنان کی کارکردگی کی رپورٹ طلب کی اور نوجوانوں پر زور دیاکہ وہ پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتی چنائو ایسا موقعہ ہے جب پارٹی کو مزید مستحکم کیاجاسکتاہے تاہم اس کیلئے کارکنان کو متحرک ہوناچاہئے ۔سنیل گپتا نے بھی پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں ۔اس موقعہ پرپرمود، کپل اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے ۔