جموں//پنچایت راج کو جمہوریت کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر لیڈر اورنائب صدرسرتاج مدنی نے کہا ہے کہ پنچایتیں گاﺅں گاﺅں میں چھوٹی چھوٹی حکومتوں کا کام کرتی ہیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آنے والے پنچایتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ریاست میں تعمیر و ترقی کا جو سلسلہ موجودہ حکومت نے شروع کیا ہے اُسے ایک نئی جلا ملے۔مدنی جموں میں مختلف عوامی وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے پنچایتی انتخابات کا اعلان کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط بنانا چاہتی ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ حالیہ ایام میں محبوبہ مفتی نے جس طرح ریاست کے اکثر و بیشتر اضلاع میں پہنچ کر لوگوں کے مسائل سنے اور اُن کا ازالہ کرنے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ،وہ اپنی مثال آپ ہے ۔سرتاج مدنی نے کہا کہ عوام اور سرکار کے درمیان دوریوں کو مٹانے کیلئے لوگوں تک پہنچنے کی کوششیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں تک پہنچنا اوراُن کے مسائل کا سد باب کرنا ہماری حکومت کا اولین مقصد ہے اورجس پر سرکار کاربند ہے“۔سرتاج مدنی نے کہا کہ پنچایت راج جمہوریت کی جڑ ہوتی ہے اورآنے والے پنچایتی انتخابات میںعوام کیلئے مقبول اور دیانتدار نمائندوں کو سامنے لانا ہمارا فرض بنتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پنچایت ممبران کا انتخاب نہایت ہوشیاری اور تدبر کے ساتھ کریں کیونکہ انہی نمائندوں کی احسن کوششوں اور نیک نیتی سے رقومات صحیح انداز میں صرف ہونے کی ا±مید ہوتی ہے۔پی ڈی پی نائب صدر نے کہا کہ عوام میں اعتماد بحال کرنے کی جو کوشش پی ڈی پی کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے کی تھی ،اُسے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اب عملی جامہ پہنانے میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام پر یہ لازم بنتا ہے کہ وہ محبوبہ مفتی کے ہاتھ مضبوط بنانے کیلئے اپنا بھر پور تعاو ن دیں۔