پنچایتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ :۔راجوری پونچھ میں جوش و خروش دیکھاگیا ،پتھرائو ،لڑائی جھگڑوں اور مار دھاڑ کے واقعات بھی رونما ہوئے

منڈی//پونچھ کے بلاک ساتھرہ میں ووٹ شماری کے دوران پولنگ مرکز پر شدید پتھرائو کیاگیا جس کے نتیجہ میں چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔بلاک ساتھرہ کی مختلف پنچایتوں میں ہوئی پولنگ کے بعد دن کے ڈھائی بجے تین پنچایتوں کے صندوق مڈل اسکول ساتھرہ پہنچائے گئے جہاں ان کی کونٹنگ شروع ہوئی ۔ابتدا میں پنچایت سیکلو کے مختلف وارڈوں سے انتخاب لڑنے والے امیدواروں کے ووٹ گنے گئے اور نتائج کا اعلان ہواجس پر کسی طرح کی کشیدگی پیدا نہیںہوئی تاہم پنچایت کے سرپنچ ووٹوں کی گنتی کے بعد جیسے ہی رشید احمد جاٹ نامی امیدوار کی جیت کا اعلان کیا گیا تو ماحول کشیدہ ہوگیا ۔اس دوران رشید کے حمایتی اس کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے کہ مخالف پارٹی کی طرف سے پتھرائو شروع کردیاگیاجس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔عینی شاہدین نے بتایاکہ حالات پر قابو پانے کے لئے جہاں حفاظتی عملہ کو آگے بڑھ کر ان افراد کو روکنا تھا وہاں وہ اپنی جان بچانے کے لئے ووٹنگ سینٹر کی عمارت کے اندر داخل ہوگئے ۔ کچھ وقت بعد وہاں موجود پولیس آفیسران کی ہدایت پر عملہ باہر آیا جس کے ساتھ جیتے ہوئے امیدوار رشید احمد جاٹ کو کڑے حفاظتی انتظامات میں وہاں سے نکالا گیا۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ کونٹنگ سینٹر کے 100 میٹر تک 144 دفعہ نافذ رہتا ہے لیکن سیکلو کے اس گنتی سینٹر پر یہ دیکھنے کو نہیں ملاجس وجہ سے حالات زیادہ کشیدہ ہوئے۔