پنجاب میں NDA اتحادیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم

نئی دہلی//یو این آئی// پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے اتحادیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم طے ہو گئی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 65، کیپٹن امریندر سنگھ کی پنجاب لوک کانگریس 37 اور سکھ دیو سنگھ ڈھینڈسا کی اکالی دل سنیُکت 15 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کے صدرجے پی نڈا نے تینوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں اطلاع دی۔ مسٹر نڈا نے کہا کہ پنجاب کا یہ الیکشن آئندہ نسلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا الیکشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پنجاب کو دوبارہ ترقی اور استحکام کی پٹری پر لانا ہے ۔مسٹرنڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 1984 کے فسادات کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی اور آج ملزمان جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست میں این ڈی اے کی حکومت بنتی ہے تو پنجاب میں منشیات، لینڈ مافیا، ریت مافیا اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔مسٹر نڈا نے کہا،‘پنجاب پاکستان کی سرحد سے متصل ریاست ہے ۔ اس لیے قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت کا ہونا بہت ضروری ہے ۔ پاکستان ہمیشہ پنجاب کے ذریعے ہمارے ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔