پنجاب میں کولگام کے شہری کی پُراسرار موت کی تحقیقات کی جائے:سکینہ ایتو

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے پنجاب کے مونگا شہر میں دمہال ہانجی پورہ نورآباد سے تعلق رکھنے والے بلال احمد ملک کی پُراسرار موت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کی سینئر لیڈر سکینہ ایتو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ دنوں بیروہ بڈگام کے نوجوان عمر احد کی لاش بھی پنچاب میں پائی گئی تھی اور پولیس نے اسے خودکشی قرار دیا تھا ، اگر چہ اُس کے والدین کا اسرار تھا کہ عمر نے خودکشی نہیں کی ہے بلکہ اُس کا قتل کیا گیا تھا۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ 10روز کے اندر ہی ایسا ہی دوسرا واقعہ رونما ہونا کوئی اتفاق کی بات نہیں ہوسکتی ہے، اس لئے ضروری ہے کہ دونوں معاملات کی تحقیقات کی جائے اور اصل حقائق کو عوام کے سامنے رکھ کر خاطیوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پہلے ہی یہ معاملہ پنجاب حکومت کیساتھ اٹھایا ہے۔