سرینگر//نیشنل کانفرنس نے لدھیانہ پنجاب میں آر آئی ایم ٹی یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیر طالب علم عمر احمد دیو ولد عبدالاحد دیو ساکن چیوڈارا بیروہ بڈگام کی پُراسرار موت پر زبردست دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مہلوک نوجوان کے والدین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یہ معاملہ پنچاب حکومت کے ساتھ اُٹھایا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نوجوان سب انسپکٹر ارشد اشرف میر ساکن ہندوارہ کی ہلاکت کی مذمت کی ہے اور واقعہ کو ناقابل قبول قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ تشدد کیخلاف رہی ہے اور ایسے واقعا ت کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کی ایک مہذب سماج میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے واقعات کے پیچھے کارفرما عناصر کا پردہ فاش کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ، سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، میر سیف اللہ ، قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار اور ترجمان عمران نبی ڈارنے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم یاسین نے طالب علم کی ہلا کت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے مانگ کی ہے کہ اس دلدوز واقعہ کی پوری جانچ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عمر دیو کی ہلا کت سے بیرونی ریاستوں میں زیر تعلیم طلباء کے والدین اور عزیز و اقارب میں بے چینی و فکر کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ گزشتہ چند مہینوں سے دیکھنے میں آیا ہے کہ مختلف ریاستوں میں کشمیری تاجروں اور طلاب کو مختلف بہانوں سے تنگ و طلب کیا جاتا ہے جس پر فوری طور روک لگانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مرکزی و جموں وکشمیر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بیرون ریاستوں میں زیر تعلیم طلباء اور تاجر طبقے سے وابستہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔