بانہال //شاہراہ پراتوار کو اس وقت ایک بڑا حادثہ ٹل گیا جب رام بن سے بانہال کی طرف آنے والی ایک میٹاڈار اور سرینگر سے جموں جانے والی ایک تویرا گاڑی پنتھیال کی پسی کے مقام پرگیلی مٹی کے تودوں میں پھنس گئیں تاہم دونوں گاڑیوں میں سوار مسافر چھلانگیں لگا کر گاڑیاں خالی کرگئے اورگرتے پتھروں کی زد میں آنے سے پہلے ہی وہاں سے نکل بھاگے اور معجزاتی طور بچ نکلے ۔ البتہ دھکم پیل کے دوران میٹاڈار میں سوار ایک مسافر معمولی زخمی ہوا ۔ گاڑیوں کو پتھر لگنے کی وجہ سے شدیدنقصان پہنچا ۔ سب ڈویثرنل پولیس افسر بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پسی کے وسط میں ملبے میں پھنسی میٹاڈار کو پہلے نکالا گیا اور بعد میں تویرا گاڑی کو بھی وہاں سے نکالا گیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ خوش نصیبی سے پسی کے درمیان میں پھنسی مسافر گاڑیوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ کہ ملبے میں پھنسی گاڑیوں کے مسافر اوپر پہاڑی سے مزید پتھروں کے گرنے سے پہلے ہی اپنی گاڑیوں کو چھوڑ چکے تھے۔ مسافروں کے نکلنے کے بعد دونوں گاڑیوں پر گرتے پتھروں کی برسات ہوگئی اور گاڑیوں کو نقصان سے دوچار ہونا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ سے ملبے اور پتھروں کو صاف کرکے ٹریفک کو اتوار کی شام دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔