پنتھرز پارٹی کارکنان کا پونچھ میں احتجاج

پونچھ//جموں کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے ریاستی سیکریٹری زور آور سنگھ شہباز کی قیادت میں بس اڈہ پونچھ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔کارکنان نے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرکے انتخابات کروانے کی مانگ کی ۔ان کاکہناتھاکہ ماضی میں گورنر راج کے دوران ہمیشہ عوام کے ساتھ انصاف ہوتا رہا ہے اس لئے وہ اس بار بھی پُر امید ہیں کہ ضابطہ کے تحت عوامی کام ہونگے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 52 2بی کے تحت اسمبلی کو تحلیل کیاجائے اوراس سلسلے میں مزید تاخیر نہ کی جائے ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ ضابطہ کے تحت اسمبلی کو جلد تحلیل کریں۔زور آور سنگھ شہباز نے کہا کہ پچھلی سرکار کا اتحاد ناکام اور موقعہ پرست ثابت ہواجس نے عوام کو مزید مسائل سے دوچار کردیا اور نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ریاست میں قتل و غارت اور دہشت کا ماحول بنا رہا اوراب وقت آگیا ہے جموں وکشمیر کو الگ الگ ریاست کا درجہ دیا جائے اور دونوں ریاستوں کے اپنے اپنے وزیر اعلیٰ اور اپنی اپنی اسمبلیاں ہوں ۔اس موقعہ پر چندر شیکھر،ٹھاکر رام سنگھ،سرجیت سنگھ کوچھڑ،قاضی محمد رزاق،کرن جیت سنگھ کھجوریہ ،محمد یونس،محمد رفیق،بیانت سنگھ،محبوب نواز ،تعارف خان اور محمد مشتاق بھی موجو دتھے ۔