پمروٹ ۔کولیاں سڑک : نکاسی کانظام نہ دارد،تارکول 2ماہ بعد ہی اکھڑ گیا

سرنکوٹ// محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے پمروٹ ۔کولیاں سڑک پردو ماہ قبل تارکول بچھایاگیاتھا جو اکھڑ چکاہے ۔پمروٹ پل سے لے کر محلہ کولیاں گاؤں کلرکٹل تک جانے والی پانچ کلو میٹر سڑک کے تین کلو میٹر سے زائد حصے پر تارکول بچھایاگیالیکن وہ دومہینے بعد ہی اکھڑ گیاہے اور سڑک کی حالت خراب بن گئی ہے۔مقامی شہریوں محمد حنیف ،محمد شریف ،لال حسین ،جمال دین اوربشارت حسین نے بتایا کہ 2018 کے آخری مہینے میں سڑک پر تارکول بچھایا گیا تھا تاہم سڑک کی موجودہ صورت حال یہ ہے کہ اس پر گاڑیوں کا چلنا بھی محال ہے اور راہگیر بھی نہیں چل سکتے۔ان کاکہناتھاکہ محکمہ تعمیرات عامہ نے بغیر نالیوں اور بغیرڈنگے دیئے تارکول بچھایا جو اب کھڈوں میں تبدیل ہوگیاہے اور سڑک سے پانی کی نکاسی بالکل بھی نہیں ہورہی ۔انہوںنے محکمہ تعمیرات عامہ پر غیر معیاری کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک پر دوبارہ تارکول بچھایاجائے اور پہلے ہوئے کام کی تحقیقات کروائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ کام کرنے والے ٹھیکیدار کو نوٹس جاری کیاجائے ۔