پلہالن میں3نوجوان اوراونتی پورہ میں جنگجوئوں کے 2بالائی ورکر گرفتار

سرینگر//پولیس نے اونتی پورہ میں جنگجوئوں کے لیے کام کرنے والے دو مبینہ بالائی کارکنوں کو گرفتار کرکے اُن کے خلاف کیس رجسٹر کیا ہے ۔ اسی دوران شبانہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران پولیس نے پلہالن سے تین نوجوانوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔سنیچر کو اونتی پورہ پولیس ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران جنگجوئوں کی معاونت کرنے والے دو مبینہ بالائی کارکنوں کی گرفتار عمل میں لائی جن کی شناخت رفیق احمد ڈار اور عابد مجید ساکنان اونتی پورہ کے بطور کی گئی ۔ پولیس کے مطابق دونوں نوجوان جنگجوئوں کے لیے فنڈ جمع کرنے میں ملوث ہیں۔ پولیس نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگجوئوں کی صفوں میں نوجوانوں کی شمولیت کا سدباب کرنے کی خاطر اونتی پورہ پولیس نے ضلع سے وابستہ 6ایسے نوجوانوں کو اپنے والدین کے حوالے کیا جو جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتے تھے۔ پولیس کے مطابق پولیس نے نوجوانوں کے ساتھ رابطہ کرکے اُن کی کونسلنگ عمل میں لائی اوربعد میں اُن سبھی کو اپنے اپنے والدین کے حوالے کیا گیا۔ دریں اثنا پولیس نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب پلہالن کے رائے پورہ علاقہ سے تین نوجوانو ں کی گرفتاری عمل میں لائی۔پولیس کا کہنا ہے کہ شوپیان میں ہوئی حالیہ جنگجوئو ں کی ہلاکت کے مابعد پلہالن میں پتھر بازی کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے عام معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اگرچہ عام لوگوں نے پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے تین نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا مگر پولیس نے اس سلسلے میںصرف دو نوجوانوں کے گرفتار کئے جائے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں نوجوان فورسز پر سنگ بازی کرنے میں ملوث ہیں۔)