سرینگر/وادی کشمیر میں سوموار کو مسلسل تیسرے روز بھی جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں فورسز کے ہاتھوں ہوئی ہلاکتوں کیخلاف ہڑتال کی وجہ سے معمولات پوری طرح ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔
تمام دوکان، کاروباری ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ہوکا عالم ہے۔
ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دے رکھی ہے۔
سنیچر وار کو پلوامہ ضلع کے کھارہ پورہ، سرنو نامی علاقے میں فورسز کارروائی میں سات شہری جاں بحق ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ہوئی معرکہ آرائی کے بیچ ہوئی جھڑپوں کے دوران پیش آئیں۔مذکورہ معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
پلوامہ میں ہوئی ہلاکتوں کیخلاف وادی کشمیر، پیر پنچال، خطے اور چناب ویلی میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔