خالد جاوید
کولگام// پولیس نے جمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں پانچ افراد کو گرفتار کر کے بھتہ خوری کے ایک گروہ کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو پولیس کے مطابق ملی ٹینسی کا بھیس بناتے تھے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ کولگام پولیس کو کاترسو، ماتر بگ اور تاریگام وغیرہ کے رہائشیوں سے متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ کچھ لوگ ان کے گھروں میں گھس کر خود کوملی ٹینٹ ظاہرکرتے ہیں، انہیں ہتھیاروں سے دھمکیاں دیتے ہیں اور رقم اور دیگر قیمتی اشیاء مانگتے ہیں اور موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن یاری پورہ میں ایف آئی آر نمبر/2022 92 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔تفتیش کے دوران ایس ایچ او یاری پورہ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاشیاں لی گئیں اور متعدد چوکیاں قائم کی گئیں۔ترجمان نے کہا، “جمعہ کو، ماڈیول کے بارے میں مخصوص معلومات کے بعد، یاری پورمیں ایک خصوصی ناکہ قائم کر کے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا،” ۔پانچوں ملزمان کی شناخت نذیر مشتاق ملک ساکن پنجورہ شوپیان، خالد حسین دیدڈ ، رضوان احمد دیدڈ اورابرار ساکنان سنگرونی پلوامہ اور کرمان احمد دیدڈ ساکن دریکن ابہامہ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا “ان کے قبضے سے دو کھلونا بندوقیں، ایک کھلونا پستول، دو کٹر، پانچ موبائل فون اور 5 ماسک برآمد کیے گئے۔ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ۔ اس کے علاوہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے،” ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام الناس سے گزارش ہے کہ ایسے کسی بھی جال میں نہ پھنسیں اور ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں۔