پلوامہ کے کئی دیہات کٹوتی شیڈول سے برہم | موہند پورہ چرارشریف میں محکمہ بجلی کے خلاف دھرنا

سرینگر//جنوبی قصبہ پلوامہ کے کئی دیہات میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کو سخت مشکلات کاسامنا اور صارفین میں محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پلوامہ کے کئی علاقوں میں پچھلے ایک ہفتے سے عجیب وغریب کٹوتی شیدول پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ شام کے وقت اچانک اور غیر متوقع طور پر برقی رو منقطع کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ڈی نے خفیہ طور شیڈول مرتب کیا ہے اور اس شیڈول کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے تاکہ انتظامیہ کے خلاف لوگ مشتعل نہ ہوجائیں ۔لوگوں نے کہا کہ شام چھ بجے کے بعد اچانک بجلی منقطع کی جاتی ہے جسے علاقوں کے لوگوں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ اور ضلع انتظامیہ کو خبر دار کیا کہ اگر اس صورتحال پر قابو نہیں پایا گیا تو وہ سڑکوں پرآنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے ۔ادھر موہند پورہ چرار شریف میں بجلی کی عدم دستیابی کے پیش نظر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ۔مقامی لوگوں نے سنیچر کی صبح دھرنا دیکرکہا کہ ان کے محلے میں گزشتہ دو مہینوں سے بجلی نہیں ہے جس کی وجہ وہ طرح طرح کے مشکلات میں مبتلا ہیں۔انہوں نے موہند پورہ چرار شریف روڈ پر دھرنا دیکر گاڑیوں کی نقل و حمل کئی گھنٹوں تک روک دی۔اس دوران پولیس چوکی پکھر پورہ کے چوکی افسر ارشاد احمد نے موقع پر پہنچ کر ی صارفین کو یقین دلایا کہ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو اس بارے میں آگاہ کیا ہے ۔سی این آئی/کے این ایس