پلوامہ میں نومنتخب ٹریڈرس فیڈریشن کی حلف برداری

مشتاق الاسلام

پلوامہ //پلوامہ میں نومنتخب ٹریڈرس فیڈریشن کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب منگل کو ڈگری کالج پلوامہ کے آڈیٹورئم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ضلع انتظامیہ پلوامہ کے اعلیٰ افسران اور وادی کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے علاؤہ قصبہ پلوامہ کی تاجر برادری نے شرکت کی۔جموں و کشمیر ٹریڈرس اینڈ منیوفیکچرس ایسوسی ایشن کے صدر محمد یاسین خان تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔پر وقارتقریب میں ٹریڈرس فیڈریشن پلوامہ کے نومنتخب صدر الطاف احمد کار اور جنرل سکریٹری رؤف رشید ریشی کو حلف دلایا گیا۔ فیڈریشن کے نومنتخب صدر الطاف احمد کار نے حلف برداری کے بعد نامہ نگاروںکو بتایا کہ انہیں جس مقصد کیلئے پلوامہ کے تاجروں نے اپنا قیمتی ووٹ پیش دیا وہ اس مقصد کے حصول کیلئے کبھی بھی تاجر برادری کو مایوس نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ کے تاجروں کو مسائل درپیش ہیں اور نومنتخب باڈی مسائل کو اجاگر کرکے ان کو حل کرانے کی بھرپور کوشش کرینگے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن پلوامہ تمام انجمنوں کو اپنے ساتھ لیکر چلے گی ۔تقریب میں اے سی آر پلوامہ،ایس ایس پی پلوامہ کے علاوہ اوقاف کمیٹی پلوامہ کے صدر بشیرعازم اوربار ایسوسیشن پلوامہ کے صدربھی موجود تھے۔