پلوامہ میں مزید 8نوجوان گرفتار

 سرینگر// پلوامہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پولیس اور دیگر فورسز کی جانب سے چھاپہ مار کاروایئوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے 8 نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔سی این ایس کے مطابق فورسز کی بھاری جمعیت نے دوران شب قصبہ پلوامہ کے ملک پورہ اور پرچھو پلوامہ میں الگ الگ چھاپہ مار کاروایئوں کے دوران 4 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق فورسز اور پولیس نے ان دونوں علاقوں کو پہلے محاصرے میں لیا اور پھر مکانوں کی تلاشی عمل میں لاکر 4 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔اس دوران پلوامہ کے ہی قوئل میں فورسز نے دوران شب محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تلاشی کاروائی کے دوران یہاں 3نوجوان گرفتار کرلیا گیا ۔پلوامہ پولیس نے دوران شب ہی قصبہ کے سرنو میں ایک اور نوجوان کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔گرفتار شدگان کے رشتہ داروں کے مطابق ان نوجوانوں کو جرم بے گناہی کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے نوجوان قصبہ پلوامہ میں امن وامان کی صورت حال کو درہم برہم کرنے میں ملوث ہیں۔اس دوران خطبہ جمعہ کے موقعہ پر جامع مسجد پلوامہ کے امام و خطیب محمد اکرم ڈار نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ گرفتار نوجوانوں کو فوری طور رہا کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے پولیس پر زور دیا کہ وہ کسی بھی صورت میں نوجوانوں کو تنگ طلب کرنا چھوڑ دے۔