راجوری+ منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ لورن میں بلاک لورن کے علماء کرام نے پلوامہ میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز لورن کے مرکزی ادارہ دار العلوم ضیاء الاسلام لورن میں علاقہ کے علماء کرام کاایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں وادی کشمیرمیں عام شہریوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیاگیااورفورسزکے ظلم وتشددکی مذمت کی گئی۔اس دوران علماء کرام نے بے گناہ مہلوک افرادکے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔اس موقہ پر علماء کرام نے گورنر انتظامیہ اور مرکزی سرکار سیکہا ہے کہ اسطرح کے ناخوشگوار واقعات کو وقوع پذیر ہونے سے روکا جائے اور اس معاملے کی سی بی آئیسے انکوائری کروائی جائے۔اس موقعہ پرعلماء کرام نے کہا کہ پوری ریاست کی طرح صوبہ جموں میں بھی غم کی ایک لہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ان واقعات کو روکنے کے لیے کوشش نہ کی گئی اس کی چنگاری جموں کے کئی علاقہ جات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔انہوں نے حال ہی میں آرمی سربراہ کے اس بیان کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وادی میں جو بھی پتھر باز ہیں وہ بھی دہشت گرد ہیں ۔انہوں نے اس موقعہ پر عالمی حقوق انسانی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ سے گزارش کی ہے کہ وہ کشمیر میں ہو رہے اس ظلم کے خلاف موثر آواز بلند کریں ۔اس دوران اجلاس میںمولانا مفتی غلام محمد نعیمی ،مولانا عبدل حمید رضوی نعیمی ،مولانا سلیم اختر نعیمی ،مولانا جاوید اقبال نعیمی، مولانا محمد فاروق قادری ،حافظ سجاد احمد نعیمی ،مولانا حافظ شبیر احمد ،محمد اسحاق قادری کے علاوہ حافظ نثار حسین قادری نے بھی شرکت کی۔علاوہ ازیںچندروزپہلے فوج کی جانب سے ایک آپریشن کے دوران پلوامہ میں ہوئے سات نہتے اور معصوم افرادکے ہلاکت پر امام وخطیب مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔یہاں جاری بیان میں مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی نے کہاہے کہ اس طرح سے شہریوں پر بندوق کے دھانے کھولنا افسوس ناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے طول وعرض میں بڑھ رہی بدامنی کے پیش نظرریاستی گورنر انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ معاملہ کی تفتیش کروائیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کاسب سے پہلافرض ریاست کے عام شہریوں کی حفاظت یقینی بناناہے۔انہوں نے کہاکہ ظلم و ستم اور تشدد کسی مسئلے کاحل نہیں ہے اورمسئلہ کشمیر کے دائمی حل کیلئے دونوں ممالک کے درمیان گفت وشنید ہی واحدراستہ ہے ۔علاوہ ازیں ریاستی سیکریٹری پردیش یوتھ کانگریس حسن مرزانے وادی کشمیرکے پلوامہ ضلع میں سراپااحتجاج شہریوں پر بے تحاشہ طاقت کے استعمال اورسات عام شہریوں کی ہلاکت کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہاں جاری پریس بیان میں حسن مرزانے کہاکہ پلوامہ میں فورسزکے ہاتھوں سات عام شہریوں کی ہلاکت کی جس قدرمذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ عام شہریوںکوبھی چاہیئے کہ وہ انکائونٹرسائٹس سے دوررہیں ۔انہوں نے فوجی سربراہ پرزوردیاکہ وہ جنگجوئوں کے مخالف آپریشن کے دوران عام شہریوں پرفائرنگ سے گریزیقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیئے کہ کشمیر میں بے گناہوں کے خون کی ہولی بندکی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالی ہو رہی ہے جس پر عالمی برادری بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔حسن مرزانے پلوامہ میں جان بحق ہوئے عام شہریوں کے لواحقین کوفوری طورپرایکس گریشیاریلیف واگزارکرنے کابھی مطالبہ کیا۔