سرینگر//پلوامہ میں ایک دوشیزہ کو پریشان کرکے خود کشی کرنے کیلئے مجبور کرنے کے جرم میں ملوث ملزم کو 24گھنٹوں کے اندر اندر پولیس نے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاہے۔شوکت احمد نجار ساکنہ مرن پلوامہ نے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کی کہ اُس کی بیٹی نے گھر میں موجود کوئی زہریلی شئے نوش کی اگر چہ اُسے فوری طورپر علاج ومعالجہ کی خاطر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں دم توڑ بیٹھی۔ والدین نے الزام لگایا کہ مدثر احمد کھانڈے ولد عبدالاحد ساکنہ کیلر نامی نوجوان نے دوشیزہ کی چند قابلِ اعتراض تصویریں سماجی وئب سائٹوں پر اپ لوڈ کیں جس کو دوشیزہ برادشت نہ کرسکی اور اُسی صورت میں مذکورہ دوشیزہ نے خودکشی کی۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 26/2019زیر دفعہ 306آر پی سی کے تحت پولیس اسٹیشن پلوامہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد دوشیزہ کی نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کی گئی۔ پولیس نے ملزمکو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
پلوامہ میں دوشیزہ کی خودکشی کا معاملہ: سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کرنے والا ملزم گرفتار
