سرینگر/ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں منگل کو جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان جاری خونین معرکہ آرائی میں 2فوجی اہلکار اور ایک عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے۔ اس جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار زخمی بھی ہوگیا جبکہ جنگجوئوں کیخلاف فورسز آپریشن جاری ہے۔
پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے اطلاع دی ہے کہ فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے پلوامہ میں رتنی پورہ گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
گولیوں کے اس ابتدائی تبادلے میں ایک کمانڈو سمیت تین فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں سرینگر میں قائم فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔
ہلاک شدہ اہلکاروں کی شناخت سپاہی بلجیت سنگھ اور نائیک سنید جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت حوالدار چندر پال کے طور ہوئی ہے۔
جی این ایس کے مطابق ایک جنگجو کی لاش بھی معرکہ آرائی کی جگہ سے بر آمد ہوئی ہے جہاں آخری اطلاعات ملنے تک فورسز آپریشن جاری تھا۔