پلوامہ میں بنڈزو پل پر ٹپر ُالٹ گیا

شوپیان// پلوامہ میں اس وقت زبردست ٹریفک جام سے طلاب ،ملازمین اور گاڑیوں میں سوار ہزاروں مسافروں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب شوپیان پلوامہ روڈ پر بنڈزو پل پر ایک تیز رفتار ٹپر الٹ گیا۔سوموار کی صبح لاسی پورہ سے پلوامہ جارہا ایک ٹپر بنڈزو کے نزدیک پل پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور بال بال بچ گیا ۔حادثہ کے بعد پلوامہ اور شوپیان روڈ پر دونوں اطراف سے سینکڑوں کی تعداد میں سکولی گاڑیاں ، ٹاٹا سو مو ،سرکاری گاڑیاں اور دیگر مسافر اور مال بردار گاڑیاں درماندہ ہوگئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے کئی کلو میٹر تک ٹریفک جام ہوگیا ۔اس دوران یہاں ٹریفک پولیس کے اہلکار آئے اور ٹریفک کو سمت دینے کی کوشش کی ۔ساڑھے9بجے یہاں کرین لایا گیا جس کے بعد ٹپر کو پل سے ہٹایا گیا اور ٹریفک بحال کیا گیا اور یہ سلسلہ 11بجے تک جاری رہا ۔ٹریفک پولیس کے ایک آفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تیز رفتار ی کی وجہ سے ڈرائیور گاڑی پرقابو کھو بیٹھا اور ٹپر پل پر الٹ گیا اور ڈرائیور بال بال بچ گیا۔