سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں منگل کو فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق جنگجو کی شناخت بیگم باغ پلوامہ کے ہلال احمد کے طور ہوئی ہے جس کا تعلق حزب المجاہدین کے ساتھ تھا۔
اس سے قبل پلوامہ کے رتنی پورہ گائوں میں جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان خونین معرکہ آرائی میں 2فوجی اہلکار اور ایک عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے۔ اس جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار زخمی بھی ہوگیا ۔
ذرائع کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے پلوامہ میں رتنی پورہ گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
گولیوں کے اس ابتدائی تبادلے میں خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ایک کمانڈو سمیت تین فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں سرینگر میں قائم فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔
ہلاک شدہ اہلکاروں کی شناخت سپاہی بلجیت سنگھ اور نائیک سنید جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت حوالدار چندر پال کے طور ہوئی ہے۔
فوج نے تاہم صرف ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی۔