پلوامہ خونین واقعہ پر آر پار شدید ردعمل، پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے صدر برہم

مظفرآباد//پاکستان زیر انتظام کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے پلوامہ ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے عام شہریوں کے قتل عام کو ناقابل قبول اور ناقابل برداشت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کو خوفزدہ کرانا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے  مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔ا نہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو کشمیر میں جاری صورتحال کو نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم و جبر کی پالیسی کے روا رکھ کر کشمیری عوام کو جدوجہد آزادی سے دستبردار کرانا چاہتا ہے البتہ وہ ان مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے پلوامہ ہلاکتوں کو انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائی نے بھارت کے ظالمانہ چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ کشمیر میں جاری تشویشناک صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن کا قیام عمل میں لانا چاہئے۔مسعود خان نے بتایا کہ اگر اس وقت اقوام عالم اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہوگئیں تو دنیا میں انسانی حقوق کے احترام کا فلسفہ غیر متعلق ہوجائے گا۔ اقوام متحدہ اس بات کا مکلف ہے کہ وہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دے اور اس حوالے سے کسی بھی سطح پر غفلت شعاری کا مظاہرہ نہ کریں۔پلوامہ سانحہ میں جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسعود خان نے بتایا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کوکسی بھی صورت میں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا اور رواں تحریک آزادی عنقریب منزل مقصود سے ہمکنار ہوگی۔اس موقع پر انہوں نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کے عزم کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف انہوں نے جو’بادامی باغ چلو‘ احتجاجی مارچ کی اپیل کی ہے ہم اس کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔
 
 
 
فورسز بے لگام،عام شہریوں کو بھی نہیں بخشتے:مزاحمتی خیمہ
سرینگر//تحریک مزاحمت ،پیپلز لیگ،مسلم کانفرنس ، پیپلز فریڈم لیگ ،پیروان ویلایت اور محاذ آزادی نے پلوامہ واقعہ میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت اداکیا۔ ؎تحریک مزاحمت کے محبوس چیئرمین بلال احمد صدیقی ننے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 1947 میں ہی نہتے کشمیری عوام کی اجتماعی قتل و غارت گری کا آغاز کیا تھا اور تب سے لیکر یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ صدیقی نے کہا کہ نئی دہلی کے ارباب اختیار اور پالیسی سازوں کو یہ بات اچھی طرح سے ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ وہ جموں و کشمیر میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں جسے وہ کبھی بھی نہیں جیت سکتے ۔پیپلز لیگ کے تر جمان عبداالحمید الٰہی نے جاں بحق ہوئے 7معصوم نوجوانوں اور تین عسکریت پسندوں کو خراج پیش کر تے ہو ئے کہا کہ فورسز اب بے لگام ہو چکی ہیں اور وہ عام شہر یوں کو بھی نہیں بخشتے ۔انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔ انہوں نے عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ وادی کشمیر میں ہو رہی معصوم شہر ی ہلاکتوں پر روک لگانے کیلئے اقدامات کریں ۔مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پلوامہ بر بریت کی بدترین مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں پر اس طرح سے بندوقوں کے دھانے کھولے گئے، وہ حقوق البشر کی بدترین پامالی ہے۔پیپلز فریڈم لیگ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کشمیر اور دیگر علاقوں میں جس طرح انسانی حقوق کی پامالی جاری ہیں ، اُس کا تقاضہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے اور عالمی عدالت انصاف میں بھارت کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے اور مجرموں کو سزائیں دی جائیں۔ لیگ چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ ہندوپاک کو مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔اس دوران لیگ نے معروف حریت کماندرعبد ا لخالق گنائی عرف جمال افغانی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کیا۔محاذ آزاد ی کے ترجمان خواجہ محمد یوسف گلکار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر پاکستانی آزاد کشمیرکی حکومت کوپاکستان نے تسلیم کیا ہوتا اور اپنے حلیف ممالک سے بھی اُس کو تسلیم کرایا ہوتا تو آج جموں و کشمیر میںہورہی زیادتیوں پر دنیا خاموشی اختیار نہیں کرتی۔
 
 
 

کشمیریوں کی حالت زار پر ترس کھائیں 

اکنامک کارڈی نیشن کمیٹی کی اقوام متحدہ سے اپیل

سرینگر//جموں کشمیرسوشیواکنامک کارڈی نیشن کمیٹی ممبران نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اوردیگر عالمی طاقتوں پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار پر ترس کھائیں ،جو آئے روز بھارتی فورسزکے ہاتھوں قتل عام میں مارے جاتے ہیں ۔ایک میٹنگ کے دوران ممبران نے حکومت ہنداورریاستی انتظامیہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فورسزکو کشمیریوں کوہلاک کرنے،معذور بنانے اورخوفزدہ کرنے کے علاوہ اِن کی جائیداد یں اور گھروں کو تباہ کرنے کی کھلی چھوٹ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسادکھائی دیتا ہے کہ مسلح فورسز آپریشنوںکے دوران کسی دشمن ملک سے لڑ رہے ہیں جہاں انہیں ہرکسی کوجومزاحمت کرے گا مارنے کا حکم دیاگیا ہو۔ ممبران نے کہا کہ ایسی کارروائی پہلی بار نہیں ہوئی ہے بلکہ اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی پیش آئے ہیں اور افسپا کی آڑ میں فورسزکا کسی طرح کا مواخذہ نہیں کیا گیا۔ممبران نے پلوامہ واقعہ کو دردناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قتل عام نے جنرل ڈائر جیسے لوگوں کوبھی شرمندہ کردیا۔ جموں کشمیر سوشیواکنامک کارڈنیشن کمیٹی ممبران نے مزید کہا کہ کشمیر میں اب سبھی لوگوں کو حکومت ہند کی طرف سے یہاں شروع کئے گئے’آپریشن آل آوٹ‘کی حقیقت معلوم ہے،جس سے نوجوانوں کو یہاں ہراساں اور خوفزدہ کرکے بندوق اُٹھانے پر مجبور کیاجاتا ہے اور پھر اُن کے’ذرائع‘ کااستعمال کرکے انہیں ہلاک کیاجاتا ہے جب وہ سوئے ہوتے ہیں ۔یہ سب کچھ مالی مفادات اور اعزازات حاصل کرنے کیلئے کیاجاتا ہے ،جو حکومت ہند نے یہاں نوجوانوں کو ہلاک کرنے کیلئے مقرر کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لڑکوں کو زندہ پکڑنے والے کیلئے کوئی ایسا اعزاز نہیں دیا جاتا ہے ۔ممبران نے بھارتی فوج کے سربراہ اور دیگر سیاسی رہنمائوں کے ان غیرذمہ دارانہ بیانات پر بھی افسوس کااظہار کیا جو وہ وقتاًفوقتاًدیتے ہیں اور جن سے فورسزکو یہاں قتل عام کرنے کاحوصلہ مل جاتا ہے ۔
 
 
 

نیشنل کانفرنس کا گاندربل میں احتجاج

زیادتیاں بندکرنے کا مطالبہ

ارشاد احمد

گاندربل// پلوامہ میں پیش آئے خونین واقعہ کے خلاف نیشنل کانفرنس کے ضلع صدرگاندربل شیخ اشفاق جبار کی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس برآمد ہوا۔ جلوس میں شامل سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈاٹھارکھے تھے جن پر ’’معصوموں کا قتل عام بند کرو‘‘ کے نعرے درج تھے ۔بیہامہ ضلع دفتر سے بیہامہ چوک تک مظاہرین نے زیادتیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس دوران  گوجر بکروال کانفرنس نے بھی شہری ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔