سید اعجاز
پلوامہ// ضلع کے کاکا پورہ علاقے میں پیر کے روز ملی ٹینٹوں کے حملے میں زخمی ہونے والا ریلوے پروٹیکشن فورس کا افسر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ریلوے پروٹیکشن فورس سب انسپکٹر کی شناخت دیو راج کے طور پر کی گئی ہے جو پلوامہ حملے میں زخمی ہواتھا،سنیچر کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔وہ 6روز تک صدر اسپتال کے آئی سی یو وارڈ 17 میںزیر علاج رہا۔واضح رہے کہ پیر کی شام کاکا پورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں ریلوے پروٹیکشن فورس کے دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ہیڈ کانسٹیبل سریندر کمار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے اس سلسلے میں پہلے ہی کیس درج کر لیا ہے۔ادھر پولیس نے کہا ہے کہ کاکا پورہ میں RPF پر کئے گئے حملے میں ملوث 2مقامی ملی ٹینٹوں کی شناخت کے بعد ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ایک فرار ہے جسے جلد ہی گرفتار یا ہلاک کیا جائیگا۔