پلوامہ اور بارہمولہ میں پولیس پر حملے

  پلوامہ+بارہمولہ/  / پانپور اور بارہمولہ میں مشتبہ جنگجوئوں نے سی آر پی ایف اور پولیس سٹیشن پر گرینیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔اس دوران لاسی پورہ پلوامہ میں پولیس سٹیشن پر فائرنگ کی گئی۔پولیس کے مطابق درنگہ بل پانپور کے کھریو چوک میں سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر ہتھ گولہ پھینکا گیا جو نشانہ چوک کر سڑک پر زور دا ر دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ ۔ جس سے کئی نجی گاڑیوں اور دکانات کو نقصان پہنچا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعہ کے فوراً بعد فوج،ایس او جی پولیس اور سی آر پی ایف کی نفری نے جائے وقوع سے منسلک علاقے کا محاصرہ کیا اورتلاشی کارروائی کی۔  دھماکہ سے پورے قصبہ میں افرا تفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب بھاگ گئے۔اس واقعہ کے ایک گھنٹہ بعد پولیس پوسٹ سڈکو لاسی پورہ  پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی، تاہم پولیس اور سی آر پی ایف نے جوابی کارروائی کی اور چند منٹ تک گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر شام قریب سات بجے بارہمولہ پولیس سٹیشن پر جنگجوئوں نے گرینیڈ پھینکا اور فائرنگ کی۔ پولیس نے اس موقعہ پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔گرینیڈ کے آہنی ریزوں سے محمد رفیق نامی ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔