پلس پولیو مہم کے تحت

سرینگر //جموں و کشمیر میں سال 2021 کیلئے پلس پولیو مہم کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ۔ تین دنوں تک جاری رہنے والی مہم کے تحت 19لاکھ 40ہزار 767بچوں کو قطرے پلائے گئے اورسطرح مہم کے دوران 100فیصد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ پلس پولیو مہم کا آغاز فائنانشل کمشنر ہیلتھ اتل ڈلو نے 31جنوری کو سروال جموں کے سرکاری اسپتال میں کیا ۔ مہم کے پہلے روزن مجموعی طور پر 1667763(87فیصد) بچوں کو قطرے پلائے گئے۔مہم کے دوسرے روز 1859326بچوں کو قطرے پلائے گئے جبکہ تیسرے روز یعنی مہم کے آخری دن مجموعی طور پر 1940767افراد کو ویکسین دئے گئے۔ کشمیر صوبے میں 10لاکھ49ہزار 874بچوں کو  قطرے دیئے گئے، جن میں گریز ، تلیل مژھل، ٹنگڈار، کیرن، کرنا ہ اور دیگر علاقے بھی شامل ہیں۔ جموں صوبے میں 890893بچوں کو قطرے پلائے گئے اور یہاں بھی 100فیصد بچوں کو قطرے پلانے کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ۔ تین روزہ پلس پولیو مہم کیلئے 42ہزار 836 ہیلتھ ورکروں کو تعینات کیا گیا جبکہ10ہزار 709پولیو بوتھ قائم کئے گئے تھے۔