پلس پولیو مہم کیلئے کی گئی تیاریوں ڈوڈہ انتظامیہ کا اجلاس منعقد

 عظمیٰ نیوز سروس

ڈوڈہ//ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ نے ضلع بھر میں 3 تا 5 مارچ 2024 کو طے شدہ پلس پولیو کے حفاظتی ٹیکوں کے نفاذ کی منصوبہ بندی کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی ٹاسک فورس کی ایک میٹنگ کی قیادت کی۔ڈی سی نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ قومی پلس پولیو مہم کے لئے زیادہ سے زیادہ تشہیر اور آگاہی کو ترجیح دیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ایس ڈی ایمز، تحصیلداروں اور بی ڈی اوز سے کہا کہ وہ امیونائزیشن ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مقررہ دنوں کے لئے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ڈی سی نے پیشگی تشہیر پر زور دیا اور سی ای او ڈوڈا کو ہدایت دی کہ وہ آئی ای سی مواد تیار کریں اور محکمہ تعلیم اور آئی سی ڈی ایس کے ساتھ مل کر آئندہ پلس پولیو ڈے کے لئے تمام عملے کو متحرک کریں۔مہم کی تیاری کے سلسلے میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 507 بوتھ، 11 ٹرانزٹ پوائنٹس، مذہبی مقامات پر 20 سٹالز اور مشکل سے پہنچنے والے علاقوں کیلئے 35 مراکز قائم کئے جائیں گے۔ ڈی سی نے کہا کہ تحصیلدار اور بی ڈی اوز اپنے اپنے علاقوں میں محکمہ صحت کی گاڑیوں کی تمام ضروری مدد اور ترجیحی نقل و حرکت کی ضمانت دیں گے۔ڈی سی نے چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ کو ہدایت دی کہ وہ پلس پولیو مہم کو ہموار کرنے کے لئے محکمہ تعلیم کے ضروری عملے کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔