سرینگر// پشاور پاکستان اور لال چوک گرینیڈ دھماکے میں جان بحق افراد کے ایصال ثواب کے لئے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے بعد از نماز جمعہ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں مجلس ترحیم کا انعقاد ہوا جس میںجاں بحق افرادکے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ مرثیہ خوانی کی گئی۔ خطبہ جمعہ کے دوران انجمن کے صدرآغا سید حسن نے کہا کہ پاکستان میں مسلکی انتہا پسندی بالخصوص شیعہ دشمن انتہا پسند نیٹورک مدت دراز سے متحرک ہے اور شیعیان پاکستان کو نہایت بے دردی کے ساتھ مساجد اور امام بارگاہوں میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے پاکستان کے شیعہ طبقہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو رہی ہیں کیوں کہ مدارس اور منبروں سے مسلکی انتہا پسندی اور شیعیت دشمن فکر و نظریات کو آزادانہ طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ لال چوک دھماکے میں جان بحق جوان سال رافعیہ نذیر اور اسلم مقدومی کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ مصروف بازاروں میں گرینیڈپھینکنے والے عناصر انسانیت دشمنی کے مرتکب ہے اور ایسے حملے کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ۔
آغا سید مہدی کا یوم وصال
نیشنل کانفرنس کا خراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صڈر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ممتاز عالم دین آغا سید مہدی الموسوی الصفوی کے یوم وصال پر زبردست خراج عقیدت ادا کیاگیا۔ انہوں نے اپنے خراج عقیدت کے پیش پیغام میں کہا کہ مرحوم ایک ایسے عالم دین تھے جن کا عمل ان کے علم اور تقویٰ پر قوی تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم زندگی کے ہر شعبوں میں شریعت اسلامی کی بالادستی کے متمنی تھے اور یہی ان کے اسلاف کا مشن تھا۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ مرحوم مہدی نے ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کے مشن کی آبیاری کی اور مرحوم نے زندگی بھر لوگوں کی بے لوث خدمات انجام دیں۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر مرحوم کو ایک تقریب میں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُن کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے گئے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، سینئر لیڈران ایڈوکیٹ محمد البر لون، آغا سید محمود، محمد سعید آخون، تنویر صادق، سلمان علی ساگر، عمران نبی ڈار، احسان پردیسی، منظور احمد وانی ،ایڈوکیٹ سیف الدین بٹ، پیرفیسر عبدالمجیدمتو، ڈاکٹر محمد شفیع، غلام نبی بٹ اور حاجی عبدالاحد ڈار نے بھی مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔