پسیاں گرآنے سے 14 گھنٹوں تک شاہراہ بند

بانہال // گذشتہ دو روز سے جاری بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پرسنیچر کی صبح بیٹری چشمہ کے مقام پرگر آئی ایک بھاری پسی کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت 14 گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی اور سنیچر کی شام ساڑھے چھ بجے کے قریب گاڑیوں کو چھوڑ دیا گیا۔تاہم بیٹری چشمہ اور ناشری ٹنل کے دونوں طرف متعدد مقامات پر شدید ٹریفک جام  کی سورتحال پریشان کن رہی۔سنیچر کو معمول کے ٹریفک کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی لیکن شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیاں رام بن ، چندرکوٹ ، ناشری اور اودہمپور کے درمیان درماندہ ہوکررہ گئیں۔ ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح تک گذشتہ دو روز کی بارشوں کی وجہ سے سنیچر علی الصبح بیٹری چشمہ کے مقام پر ایک بھاری پسی شاہراہ پر گر آئی اورشاہراہ  بند کردینی پڑی۔ اس دوران کئی مقامات پر پتھر بھی گر ائے اور پتھروں کی زد میں آنے کیوجہ سے ڈگڈول کے مقام پر ایک ٹرک کو بھی نقصان پہنچا۔