پسیاں اور پتھر گرنے سے شاہراہ بند

بانہال // کئی مقامات پر پسیاں اور لگاتار پتھر گرنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے اتوار کو بند رہی ۔ اس دوران جموں سے وادی جانے والی گاڑیوںکو ادہمپور ، نگروٹہ اور جموں سے آگے چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں ہفتے سے ہی بارشیں اور پہاڑی علاقوں میںبرفباری کی وجہ سے فورلین ٹنل اور بانہال کے درمیان سڑک پر پھسلن پیدا ہوئی جبکہ کیفٹیریا موڑ رام بن اور پنتھیال سمیت شاہراہ کے کئی مقامات پر ملبہ اور پتھر گرتے رہے اور یہ سلسلہ اتوار شام تک جاری رہا ۔ پنتھیال کے نزدیک گر آئی ایک پسی میں ایک مال بردار ٹرک پھنس گیا تھا، جسے نہیں نکالا جاسکا۔ تعمیراتی کمپنی کی ناکافی مشینری اور لاپرواہی سے سینکڑوں کی تعداد میں مقامی اور شاہراہ  کے مسافر پنتھیال اور ناشری کے درمیان درماندہ ہو کر رہ گئے ۔ 2درماندہ پڑی لاشوں کو وہاں تعمیر کئے گئے ٹنل سے نکال کر وادی کی طرف روانہ کیا گیا جبکہ ملبے میں پھنسے ٹرک کی وجہ سے شاہراہ اتوار شام تک مسلسل بند تھی۔  سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن اور بانہال کے درمیان ہفتے کی رات سے بارشوں سے  شاہراہ کے کئی مقامات پر گر ائی پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے بند ہوگئی اور اتوار کے روز کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں سے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر کوئی مسافر گاڑی درماندہ نہیں ہے البتہ رام بن اور چندرکوٹ کے درمیان ایک سو کے قریب مال بردار گاڑیاں موجود ہیں۔